ہارون کو لاک ڈاؤن ختم ہونے کی اتنی جلدی کیوں؟

لاک ڈاؤن کے جلد ختم ہونے کا انتظار کرنے والے پاکستان میوزک انڈسٹری کے معروف گلوکار ہارون رشید کا کہنا ہے کہ اُنہیں اپنی داڑھی بنائے ہوئے 10 دن گُزر گئے ہیں۔

حال ہی میں ہارون رشید نے فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی 2 تصاویر شیئر کیں جس میں پہلی تصویر میں ہارون کے چہرے پر ہلکی داڑھی موجود ہے جبکہ دوسری تصویر میں وہ کلین شیو ہیں۔

انسٹاگرام پر شیئر کردہ اِن تصاویر کے ساتھ ہارون رشید نے اپنے مداحوں کو اپنی’ لاک ڈاؤن روٹین ‘سے بھی آگاہ کیا۔

ہارون رشید نے لکھا کہ ’10 دن ہوگئے ہیں اور میں نے اپنی داڑھی نہیں بنائی کیونکہ میں لاک ڈاؤن میں ہوں اور اِس دوران میرا کہیں آنا جانا نہیں ہو رہا ہے۔‘

گلوکار نے لکھا کہ ’لاک ڈاؤن سے پہلے مجھے روزانہ ہی ٹی وی شوز اور دیگر سرگرمیوں کے لیے کہیں نہ کہیں جانا پڑتا تھا جس کے لیے میں ہر وقت اپنی داڑھی بنا کر رکھتا تھا۔‘

آخر میں اُنہوں نے اپنے مداحوں سے اُن کی رائے دریافت کرتے ہوئے سوال کیا کہ ’آپ داڑھی والے ہارون کو پسند کریں گے یا کلین شیو والے ہارون کو؟

اِس سے قبل نامور گلوکار و سماجی کارکن شہزاد رائے نے لاک ڈاؤن کے دوران حجام کی دُکان بند ہونے کی وجہ سے خود ہی گھر میں حجامت شروع کردی تھی۔

شہزاد رائے نے اپنی ایک انسٹاگرام پوسٹ میں لکھا تھا کہ ’کوویڈ 19 نے ہمیں کہیں کا نہیں چھوڑا، بڑی مشکل سے میں نے گھر میں اپنے سَر کے بال کاٹ لیے ہیں اور اب میرے سَر کا بوجھ ہلکا ہوگیا۔‘

یاد رہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کی وجہ سے جاری لاک ڈاؤن کے پیش نظر حکومت کی جانب سے حجام کی دُکان کھولنے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔

حکومت کا کہنا ہے کہ حجام کی دُکان اور بیوٹی پارلرز پر لوگوں کا رش زیادہ ہوتا ہے اور یہاں سے کورونا پہلے کا خدشہ زیادہ ہے۔

رابی پیرزادہ کا حلیمہ سلطان کی خوبصورتی پر تبصرہ

گزشتہ سال شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کرنے والی رابی پیرزادہ نے’ارطغرل غازی‘ میں مرکزی کردار ادا کرنے والی ’حلیمہ سلطان‘ کی خوبصورتی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ’پاکستان کی ہر لڑکی رابی پیرزادہ اور حلیمہ سلطان سے زیادہ خوبصورت ہے۔

حال ہی میں رابی پیرزادہ کے ایک مداح نے سوشل میڈیا پر رابی پیرزادہ اور حلیمہ سلطان کی تصویر کا ایک فوٹو کولاج شیئر کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ’رابی پیرزادہ تُرکی کی حلیمہ سلطان سے کہیں زیادہ خوبصورت ہیں، حلیمہ سلطان صرف ایک اداکارہ ہیں جبکہ رابی اسلام کی شہزادی ہیں۔‘

مداح کی یہ پوسٹ رابی پیرزادہ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کی اور ساتھ ہی حلیمہ سلطان کی خوبصورتی پر تبصرہ بھی کردیا۔

رابی پیرزادہ نے کہا کہ ’خوبصورتی کا اپنا کوئی معیار نہیں بلکہ اِس کا معیار تقویٰ اور نیک سیرت ہونے میں ہے۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’پاکستان کی ہر لڑکی حلیمہ سلطان اور مجھ سے زیادہ خوبصورت ہے۔‘

اُنہوں نے اپنے ماضی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ’میں بھی ماضی میں اِن جیسی ہی تھی لیکن اب جو ہوں اپنے اللّہ کے لیے ہوں۔‘

رابی نے حقیقی خوبصورتی کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ ’خوبصورتی میک اپ میں نہیں بلکہ اللّہ کے ذکر میں ہے۔‘

اُنہوں نے اپنی مداحوں سے اُن کے لیے دُعا کرنے کی اپیل بھی کی ۔

آخر میں اُنہوں نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں قرآن پاک کی آیت بھی ترجمے کے ساتھ لکھی۔

اسکول فیسوں میں 20 فیصد کمی کا معاملہ، سماعت ملتوی

کراچی سندھ ہائیکورٹ میں اسکول فیسوں میں 20 فیصد کمی سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی عدالت نے کہا کہ فیسوں میں کمی سے متعلق اسپیشل آرڈر یا آرڈیننس کے تحت عمل درآمد کرایا جائے، اس پر سندھ حکومت سے ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل سندھ کو ہدایت لینے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 20مئی تک ملتوی کردی۔
کراچی میں سندھ ہائیکورٹ میں اسکول فیس میں 20 فیصد کمی کے خلاف درخواست پرسماعت ہوئی، ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل سندھ شبیر شاہ، پرائیوٹ اسکولز کی جانب سے ارشد طیب علی ایڈوکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔
دوران سماعت عدالت نے ریمارکس دیئے کہ گزشتہ دنوں جو آرڈیننس پاس ہوا ہے اس کے تحت تو فیس میں 20 فیصد کمی کرنا پڑے گی ،کیونکہ درخواست گزار نے آرڈیننس کو تو چیلنج نہیں کیا ہے۔
اس پر فیصل صدیقی ایڈوکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ ایک ہی فائدہ اسپیشل آرڈر کے تحت بھی دیا جارہا ہے اور آرڈیننس کے تحت بھی دیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 26 لاکھ بچوں کو فائدہ ہونا ہے فیس کی کمی سے اسپیشل آرڈر میں کہا گیا ہے کہ ٹیچرز کو مکمل تنخواہیں دی جائیں جبکہ آرڈیننس میں کہا گیا کہ 50 ہزار سے اوپر والوں کی تنخواہ میں 5 فیصد کمی ادا کی جائے ۔
فیس کی کمی سے متعلق اسپیشل آرڈر اور آرڈیننس میں کچھ تضاد ہیں، جس پر کمرہ عدالت میں موجود ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل سندھ نے موقف اختیار کیا کہ فیس میں کمی سے متعلق اسپیشل آرڈر واپس لینے سے متعلق ہدایت کے لئے مہلت درکار ہے۔
انہوں نے عدالت سے مہلت طلب کی جس پر عدالت نے درخواستوں پر سماعت 20 مئی تک کیلئے ملتوی کردی۔

ایس او پیز کے تحت ٹرانسپورٹ کو کھولا جائے، خرم شیر زمان

رہنما پی ٹی آئی خرم شیر زمان نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ ایس او پیز کے تحت ٹرانسپورٹ کو کھولا جائے اور سندھ میں انٹر بس سروس شروع کی جائے۔
خرم شیرزمان نے کہا کہ ہم چیف جسٹس کے بڑے مشکور ہیں، ہم نے چیف جسٹس سے سندھ پر نوٹس لینےکی درخواست کی تھی۔
اُنہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے ساتھ ہماری جنگ چل رہی ہے کیونکہ لاتوں کے بھوت باتوں سے نہیں مانتے۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ آج سے ملک بھرمیں شاپنگ مالز کھول دیےجائیں گے لیکن پیپلز پارٹی کا کراچی کے تاجروں کے ساتھ رویہ نامناسب ہے۔
خرم شیر زمان نے کہا کہ کے پی اور پنجاب نے دو دن قبل مالز کھول دیے تھے اور یہاں سندھ حکومت سے ابھی تک ایس او پیز نہیں بن سکیں۔
اُنہوں نے سندھ حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ چاند رات تک مارکیٹوں کو 24 گھنٹے کھولا جائے۔
رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ پیٹرول پمپ کو بند کرنے کی وجہ سمجھ نہیں آرہی اور کل میں نےدیکھا کہ شارع فیصل کو بھی بند کردیا گیا ہے۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ مسجدوں کے لیے بھی فوری نوٹیفکیشن نکالا جائے۔
دوسری جانب چیف جسٹس پاکستان گلزار احمد نے ملک بھر کے شاپنگ مالز کھولنے سمیت ہفتے اور اتوار کو بھی تمام چھوٹی مارکیٹیں کھلی رکھنے کا حکم جاری کردیا۔

بدقسمتی سے ہمارے پاس درخت تباہ کرنے میں ماہر ابھی نندن جیسے پائلٹس نہیں: فخر عالم

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر فخر عالم نے ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے چھوٹے جہازوں کی مدد سے فصلوں پر اسپرے کیے جانے کی ایک ویڈیو شیئر کی

عائزہ خان کی مومل شیخ کو سالگرہ کی مبارکباد

پاکستان کی نامور اداکارہ عائزہ خان نے ساتھی اداکارہ اور پروڈیوسر مومل شیخ کو ان کی سالگرہ کی مبارکباد پیش کی ہے۔ 
فوٹوز اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر مومل شیخ نے ایک پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے اپنے اہل خانہ کے ہمراہ اپنی سالگرہ منانے کی تصاویر شائع کیں۔ 
انہوں نے اپنی تصاویر کے ساتھ کیپشن میں لکھا کہ ’یہ میں اور میرا چھوٹا سا خاندان ہے۔‘
پاکستانی شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والوں اور ان کے مداحوں نے ان کے اس پیغام پر تبصرے کیے۔ 

عائزہ خان نے مومل شیخ کے لیے لکھا کہ ’اللّٰہ آپ پر اور آپ کے اہل خانہ پر ہمیشہ رحمتیں و برکتیں نازل فرمائے۔‘
اپنے ایک اور تبصرے میں عائزہ خان نے پیار کی ایموجی بناتے ہوئے مزید لکھا ’ماشا اللّٰہ مومل۔‘
مومل خان نے بھی عائزہ خان کی جانب سے نیک تمناؤں پر اظہار تشکر کیا۔

پاکستانی نژاد برطانوی نابینا لڑکی کی بریٹن گاٹ ٹیلنٹ میں شاندار پرفارمنس


شیریں جہانگیر کے گانے پر جج ایمنڈا ہولڈن بھی آنسوؤں پر قابو نہ رکھ سکیں، شیریں کا کہنا تھا کہ اب میوزک ہی اُس کا وژن ہے۔ 
شیریں جہانگیر کا تعلق لندن سے ہے، چودہ برس کی شیریں جب 5 برس کی تھی تو بینائی کمزور ہونا شرو ع ہوگئی تھی اور 9 برس کی عمر میں وہ بالکل نابینا ہوگئی تھیں۔
بچی نے جج سائمن کوول اور دیگر ججز کو بتایا کہ ایک وقت تھا کہ وہ بھی دنیا کو دیکھ سکتی تھی مگر اب ایسا نہیں، میوزک ہی اس کا وژن ہے  اور یہی وہ چیز ہے جس سے اسے محبت ہے۔
شیریں جہانگیر نے پیانو پر میوزک کی دھنیں بکھیریں اور گیت پیش کیا تو نہ صرف شرکا بلکہ جج ایمنڈا ہولڈن بھی اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں اور آبدیدہ ہوگئیں۔
ڈیوڈ ویلیمز نے شیریں کو شاباش دی اور کہا کہ جو تم دیکھ نہیں سکتیں وہ یہ ہے کہ پورا ہال تمھیں کھڑے ہو کر داد دے رہا ہے۔
جج ایلیشا ڈکسن نے کہا کہ گیت نے ان کا دل موم کردیا ہے۔
ایمنڈا ہولڈن نے برٹش پاکستانی گلوکارہ کی تعریف کی اور کہا کہ خوبصورت بچی کو دیکھ کر انہیں ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے بچی سے روشنی پھوٹ رہی ہو۔
شیریں کے دادا اور وزیراعظم عمران خان کے دوست صاحبزادہ جہانگیر نے کہا کہ بچی کی کامیابی اس بات کا اظہار ہے کہ خدا ہر انسان کو کسی نہ کسی صلاحیت سے مالامال کرتاہے۔

ٹرانسپورٹ حفاظتی اقدامات کے ساتھ چلےگی، میاں اسلم اقبال

پنجاب کے وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال کا کہنا ہے کہ پیر سے پنجاب میں ٹرانسپورٹ حفاظتی اقدامات مکمل کرتے ہوئے چلےگی، ایک ہی خاندان کے افراد کے لیے خالی سیٹ چھوڑنےکی پابندی نہیں ہوگی۔

میاں اسلم اقبال نے کہا کہ ڈرائیور اور کنڈیکٹر سمیت تمام مسافروں کے لیے ماسک پہننا لازم ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اڈے سے روانگی سے قبل بس میں جراثیم کش اسپرے کرنا  لازمی ہوگا۔

وزیر صنعت پنجاب نے کہا کہ زائد کرائے، زیادہ مسافر بٹھانے، کورونا ضوابط کی خلاف ورزی پر بھرپور کارروائی ہوگی۔

میاں اسلم اقبال نے کہا کہ پنجاب کے تمام بڑے ٹرانسپورٹرز نے حکومتی ضوابط کو خوشدلی سے قبول کیا ہے، کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے ٹرانسپورٹرز کی مشاورت سے ضوابط تیار کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چند ایک سیاسی وابستگیاں رکھنے والے ٹرانسپورٹرز کے سوا تمام نے حکومت کی ایس او پیز پر عمل درآمد کی یقین دہانی کروائی ہے۔

جدہ سے خصوصی پرواز پاکستانیوں کو لے کر پشاور پہنچ گئی

سعودی عرب کے شہر جدہ سے خصوصی پرواز پاکستانیوں کو لے کر پشاور کے باچاخان ایئر پورٹ پہنچ گئی۔

ایئر پورٹ حکام کا کہنا ہے کہ جدہ سے پہنچنے والی خصوصی پرواز سے 274 مسافر پشاور پہنچے ہیں۔

ایئر پورٹ حکام کا کہنا ہے کہ سعودی عرب سے آنے والے تمام مسافروں کو قرنطینہ میں منتقل کردیا گیا ہے۔

سعودی عرب سے پاکستان کے لئے پی آئی اے کی مزید 5 پروازیں چلائی جائیں گی۔

23 مئی کو سعودی عرب سے کراچی کے لیے پی آئی اے کی خصوصی پرواز چلائی جائے گی۔

سعودی عرب سے27 مئی کو فیصل آباد اور کراچی کے لیے بھی پرواز چلائی جائے گی۔

28 مئی کو فیصل آباد اور 31 مئی کو کراچی کے لیے سعودی عرب سے پرواز چلے گی جبکہ سعودی ائیرلائن کی بھی پاکستان کے لیے خصوصی پروازیں  26 ،28 اور 29 مئی کو متوقع ہیں۔

لاہور: نواب ٹاؤن میں بچے سے زيادتی اور قتل کا ملزم گرفتار

لاہور کے علاقے نواب ٹاؤن میں گزشتہ روز زیادتی کے بعد قتل کیے گئے بچے کے قتل میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم مقتول بچے کا رشتہ دار ہے۔

پولیس کے مطابق بچہ گھر سے باہر چیز لینے کزن کے ساتھ گیا تھا، دکان بند ہونے کی وجہ سے کزن لوٹ آیا لیکن مقتول بچہ دوسری دکان کی طرف چلا گیا۔

جب بچہ تین گھنٹے تک واپس گھر نہ آیا تو لواحقین نے تلاش شروع کردی۔

پولیس کے مطابق بچے کی لاش گھر کی پچھلی جانب زیرِ تعمیر پلازہ سے ملی تاہم اس حوالے سے پولیس کا کہنا تھا کہ شبہ ہے بچے کو قتل کرنے سے قبل زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔

بعد وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے نوٹس لینے کے بعد پولیس ایکشن میں آئی اور قتل میں ملوث مبینہ ملزم کو گرفتار کرلیا۔

آزاد کشمیر میں دو ہفتوں کیلئے مکمل لاک ڈاؤن

آزاد کشمیر میں دو ہفتوں کے لیے مکمل لاک ڈاؤن کا فیصلہ، اطلاق آج رات بارہ بجے سے ہوگا۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق خان نے نرمی کا فیصلہ واپس لیتے ہوئے آزاد کشمیر میں لاک ڈاؤن مزید سخت کرنے کا حکم دے دیا۔

آزاد کشمیر میں رات 12 بجے سے مکمل لاک ڈاؤن بحال کر دیا جائے گا۔

وزیراعظم آزاد کشمیر کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران اشیاء ضروریہ میڈیکل اسٹور طے شدہ اوقات کار کے مطابق کھلے رہیں گے۔

راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ فیصلہ کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کو مدنظر رکھ کر کیا گیا، عوام سے تعاون کی اپیل ہے۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ یہ احتیاطی اور حفاظتی اقدامات ہیں، جو عوام کو محفوظ بنانے کے لیے اٹھائے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حالات عید کی شاپنگ کرنے کے متقاضی نہیں ہیں، عید سادگی سے منائیں۔

فاروق حیدر خان نے کہا کہ عید تک ٹرانسپورٹ بھی معطل رہےگی، عوام غیر ضروری طور پر گھروں سے نہ نکلیں۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے احکامات کا اطلاق 18 مئی سے دو ہفتوں کےلیے ہو گا۔

خلیج بنگال میں موجود طوفان کراچی سے 2600 کلومیٹردور

خلیج بنگال میں موجود طوفان کراچی سے 2600 کلومیٹر دور ہے۔ تاہم طوفان سے سندھ، بلوچستان کے ساحلی مقامات کو خطرہ نہیں ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان بھارت یا بنگلا دیش کے کسی ساحل سے ٹکرا سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان بھارتی ساحلی مقامات کولکتہ اور اڑیسہ کے قریب پہنچے گا، جبکہ طوفان کراچی پر گرم ہواؤں کی شکل میں اثر دکھا سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کل سے ہونےوالی ہیٹ ویو کا خلیج بنگال کےطوفان سے تعلق نہیں ہے، کل زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 ڈگری تک بڑھنے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق دوپہر کو سمندری ہوائیں معطل رہیں گی جبکہ بلوچستان کی گرم ہوائیں کراچی میں داخل ہوں گی، کراچی میں معتدل ہیٹ ویو 22 مئی تک جاری رہ سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق معتدل ہیٹ ویو سے کراچی میں درجہ حرارت 41 سے 42 ڈگری تک جاسکتا ہے۔

وفاق اور سندھ حکومت رسہ کشی میں مصروف ہیں, خالد مقبول

متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ عوام کو ریلیف دینے کے بجائے وفاق اور سندھ حکومت رسہ کشی میں مصروف ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں کورونا سے نمٹنے کیلئے مل کر کام کریں۔

خالد مقبول صدیقی نے کراچی کے علاقے رنچھوڑ لائن کا دورہ کیا اور عوام سے خطاب کیا۔

اپنے خطاب میں ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ سندھ حکومت کے کورونا ریلیف آرڈیننس سے تعصب جھلکتا ہے، سندھ حکومت ریلیف آرڈیننس کی آڑ میں انتخابی مہم چلانے سے گریز کرے۔

انہوں نے کہا کہ تمام طبقات سے تعلق رکھنے والوں کی مساوی امداد کی جائے، حکومت مزدوروں سے لے کر تاجروں سمیت سب کے لیے موثر حکمت عملی بنائے۔

خالد مقبول نے مزید کہا کہ کاروبار کھولنے اور تاجروں کو ریلیف دینے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔

ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے ملک بھر میں اسپرے کیا گیا، این ڈی ایم اے

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے ترجمان نے کہا ہے کہ ملک بھر کے51 اضلاع ٹڈی دل کے حملہ سے متاثر ہیں۔

ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق ٹڈی دل سے متاثرہ علاقوں میں سروے اور اسپرے آپریشن جاری ہے۔ بلوچستان میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک لاکھ 32 ہزار ہیکٹر رقبہ کا سروے اور 6 ہزار 690 ہیکٹر رقبہ پر اسپرے کیا گیا۔

ترجمان کے مطابق پنجاب میں 75 ہزار ہیکٹر رقبہ کا سروے اور 2 ہزار ہیکٹر پر اسپرے کیا گیا۔ 

ترجمان کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا میں تقریباً 71 ہزار ہیکٹر رقبہ کا سروے ہوا اور 492 ہیکٹر رقبہ کی ٹریٹمنٹ ہوئی۔

 سندھ میں گذشتہ روز ایک لاکھ 50 ہزار ہیکٹر سروے اور 28 ہیکٹر رقبہ ٹریٹمنٹ کیا گیا۔ 

بلوچستان کے 27، خیبر پختونخواہ کے 9، پنجاب کے 13 اور سندھ کے 2 اضلاع شامل ہیں۔

کراچی سے فی الحال ٹرین نہیں چلے گی، وزیر ٹرانسپورٹ سندھ

سندھ کے وزیر ٹرانسپورٹ اویس شاہ نے واضح کیا ہے کہ کراچی سے فی الحال ٹرین نہیں چلے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی پریس کانفرنس کے رد عمل پر بیان دیتے ہوئے کیا۔

صوبائی وزیر اویس شاہ کا کہنا تھا کہ ہمیں عوام کی فکر ہے اور آپ کو ٹرین کی فکر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹرینیں چلیں تو پھر کورونا وائرس پر کنٹرول کرنا مشکل ہوجائے گا۔

اویس قادر شاہ کا کہنا تھا کہ شیخ رشید کو عوام کی زندگیوں کی فکر کم اور ٹرین چلانے کی فکر زیادہ ہے۔

صوبائی وزیر نے یہ بھی کہا کہ شیخ صاحب آپ صوبے کے محتاج نہیں تو صوبے بھی آپ کے محتاج نہیں ہیں۔

واضح رہے کہ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا تھا کہ وہ کسی وزیراعلیٰ یا چیف سیکریٹری کے محتاج نہیں ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وزیراعظم کی منظوری کے بعد ملک بھر میں ٹرینیں چلانے کا آغاز کر دیا جائے۔

بلوچستان میں کورونا مریضوں کی تعداد 2 ہزار 693 ہوگئی

بلوچستان میں 24 گھنٹوں کےدوران کورونا کے 148مصدقہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد صوبے میں کورونا کے مصدقہ کیسز کی تعداد 2693 ہوگئی ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق بلوچستان میں کورونا کا ایک اور مریض انتقال کر گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق بلوچستان میں کورونا سے جاں بحق افراد کی تعداد 37 ہوگئی ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق بلوچستان میں کورونا کے مزید 25 مریض صحت یاب ہوئے ہیں۔

محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق بلوچستان میں کورونا کے صحت یاب مریضوں کی تعداد 454 ہوگئی ہے۔

گڈاپ میں ٹڈی دل کا فصلوں پر حملہ

اندرون سندھ میں مختلف علاقوں میں تباہی مچانے کے بعد ٹڈی دل کراچی کے مختلف علاقوں میں داخل ہوگئے ہیں۔ ٹڈی دل نے گھروں اور فصلوں پر حملہ کردیا۔

کراچی کے علاقے گڈاپ ٹاؤن میں ہزاروں ٹڈی دل داخل ہوگئے۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے ٹڈی دل نے اچانک گھروں اور فصلوں پر حملہ کیا۔

شہریوں نے کہا کہ حکومت سے اپیل کرتے ہیں کہ جلد از جلد ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے اسپرے کروائے ورنہ گزشتہ برس کی طرح ان کی فصلیں تباہ ہوجائیں گی۔

دوسری جانب ٹڈی دل میرپورخاص اور عمرکوٹ کے بھی بعض علاقوں داخل ہوگئی ہے جس کے باعث کاشتکار بے بسی کے عالم میں حکومتی مدد کے منتظر ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: ’’ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے ملک بھر میں اسپرے کیا گیا‘‘

کاشتکاروں کے مطابق ٹڈی دل ضلع میرپورخاص کی تحصیل ڈگری کے گاؤں خان محمد جسکانی اور گردونواح میں داخل ہوئی ہے۔ 

ٹڈی دل کے حملے کی شکایات پر محکمہ زراعت کے اہلکاروں نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور کاشتکاروں سے معلومات حاصل کیں۔ 

چند روز قبل ضلع سانگھڑ کے مختلف علاقوں میں بھی ٹڈی دل نے حملہ کیا تھا۔ کاشتکاروں کا کہنا ہے کہ کسی بڑے نقصان سے قبل ٹڈی دل سے بچاؤ کیلئے فوری فضائی اسپرے ہی واحد حل ہے۔

پنجاب، خیبر پختونخوا فلور ملز ایسوسی ایشنز کا کل سے ملز بند کرنے کا اعلان

پنجاب اور خیبر پختونخوا کی فلور ملز ایسوسی ایشنز نے کل سے ملز بند کرنے کا اعلان کردیا۔

پنجاب کی ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالرؤف مغل کا کہنا ہے کہ جنوبی پنجاب میں ملز پر چھاپے مارے جارہے ہیں اور انہیں سیل کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مطالبات تسلیم کیے جانے تک ہڑتال جاری رہے گی۔

فلور ملز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ ملز سے زبردستی گندم اٹھائی جارہی ہے۔

دوسری جانب کے پی فلور ملز مالکان کا کہنا ہے کہ ایک ماہ سے پنجاب سے خیبر پختونخوا کو گندم کی فراہمی بند ہے۔

انہوں نے کہا کہ گندم کی ترسیل پر پابندی کے خلاف احتجاجاً ہڑتال پر مجبور ہوگئے ہیں۔

دوسری جانب رحیم یار خان میں بھی آٹا ملز ایسوسی ایشن نے پیر سے ہڑتال کا اعلان کردیا ہے۔

صدر آٹا ملز ایسوسی ایشن محمود درانی کا کہنا ہے کہ خریداری ہدف پورا ہونے کے باوجود خریداری کرنےنہیں دی جارہی، گندم کی خریداری پر پابندی کے باعث 32 آٹا ملیں بند ہوگئی ہیں۔

محمود درانی نے خبردار کیا کہ آنے والے وقت میں آٹے کے بحران کی ذمہ دار حکومت خود ہوگی۔

کورونا وائرس فلو سے پانچ گنا زیادہ مہلک، دونوں کا موازنہ غلط ہے، سائنسدان

ایک نئی تحقیق کے مطابق کورونا وائرس بالغ افراد کے لیے موسمی فلو سے پانچ گنا زیادہ مہلک ہے۔

 اس ماہ کے اوائل تک (یعنی مئی کے ابتدائی دنوں تک) 65 ہزار امریکی کورونا وائرس کی وجہ سے ہونے والی بیماری سے ہلاک ہوگئے، اور یہ تعداد اتنی ہی ہے جتنی کے ہر سال امریکا میں انفلوئنزا سے لوگ ہلاک ہوتے ہیں۔ 

تاہم سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ ان دونوں وائرس کا آپس میں موازنہ اس لیے نہیں کیا جاسکتا ہے کہ، ایک تو کورونا وائرس بہت زیادہ متعدی اور وبائی ہے اور دوسرا یہ کہ جس انداز سے  اس سے ہونے والی اموات  رپورٹ ہورہی ہیں وہ بہت مختلف ہے۔

ان سائنسدانوں نے ڈائمنڈ پرنسسز کروز شپ میں پھیلنے والی کورونا وائرس کے دستیاب مکمل  ڈیٹا کو استعمال کرکے یہ اندازہ لگایا کہ اس سے  اموات کی شرح 0.5 فیصد ہے جو کہ فلو سے ہونے والی اموات سے پانچ گنا زیادہ ہے۔ 

اس تحقیق کو تحریر کرنے والے ہارورڈ یونیورسٹی اور ایموری یونیورسٹی کی ٹیم کے مطابق گو کہ  آفیشلز یہ کہہ سکتے ہیں کہ سارس کووڈ ٹو وائرس صرف فلو کی ایک اور قسم ہے، لیکن یہ حقیقت نہیں۔

 سائنسدانون کا کہنا ہے کہ وبا کے دوران اسپتالوں کو کافی جدوجہد کرنا پڑی ہے جیسے کہ انھیں بستروں اور وینٹی لیٹرز کی کمی کا سامنا کرنا پڑا۔ کورونا وائرس کے دوران امریکا میں جس بحران اور ضرورتوں کا سامنا ہے ایسا اس سے قبل امریکا میں کبھی نہیں ہوا یہاں تک کہ انفلوئنزا کے بدترین موسموں میں یہ سب کچھ نہیں ہوا۔

 حالانکہ سرکاری حکام ابھی تک موسمی انفلوئنزا اور کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کا موازنہ کررہے ہیں، اور وہ ایسی کوشش اس لیے کرر ہے ہیں تاکہ اس عالمی وبا کے آشکار ہونے والے اثرات کو کم سے کم کرکے بتایا جائے۔

ایسے افراد میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی شامل ہیں، انہوں نے اس عالمی وائرس کے پھیلائو کے ابتدائی دنوں میں اس کی تباہ کاری کو کم ظاہر کرنے کی کوشش کی۔ اسکی مثال ان کی 26 فروری کی وہ پریس بریفنگ ہے جس میں انھوں نے کہا کہ یہ  فلو کی ہی ایک قسم ہے، اور ہم اس کا جلد ہی خاتمہ کردینگے۔

اللہ تعالیٰ کا شکر ہے تندرست ہوگیا ہوں، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ میں اور میرے بچے الحمدللّٰہ کورونا وائرس سے ٹھیک ہوگئے ہیں، اللّٰہ کا شکر ادا کرتا ہوں کہ جس امتحان میں اللّٰہ نے ڈالا تھا اس سے مجھے نکالا۔

اپنے ایک بیان میں اسپیکر قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ جس طرح قوم نے میرے لیے دعائیں کیں اور محبت کا اظہار کیا اس پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ میں نےبہت نزدیک سے سب کچھ دیکھا ہے، مجھے اندازہ نہیں تھا، ہم سب کا ایمان ہے کہ ہمیں ایک دن جانا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے اس قدر نزدیک سے یہ سب دیکھا کہ احساس قوی ہوگیا کہ ہم سب کوجانا ہے، ہمیں تیاری کرنا ہے اور تیاری صرف مخلوق خدا کی خدمت ہے۔

 اسپیکر اسد قیصر نے مزید کہا کہ انسان کو دوسرے کی خدمت سے ملنے والی خوشی بنیادی ہوتی ہے، آئیں ہم سب اپنے لوگوں کے لیے اپنے ملک کے لیے کام کریں، غریب، لاچار اور کمزور طبقات کے لیے کام کریں، مجھ سے کوئی کوتاہی ہوئی ہے تو میں معذرت خواہ ہوں، بطور قوم ہم حالات کا مقابلہ کرسکتے ہیں۔

اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ یہ مشکل مرحلہ تھا، مشکل اس لیے کہ اس کی احتیاطی تدابیر بہت ضروری ہیں، پتہ نہیں آپ کے ارد گرد اس وقت کون کیریئر ہے اور کون انفیکٹڈ ، حکومت کی بتائی گئی احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں۔

انہوں نے کہا کہ میرا 22 دن کا دورانیہ رہا، اب بھی میں دس دن کے میڈیکل ریسٹ پر ہوں، دس دن تک کوئی میٹنگ نہیں ہوسکتی، جو احتیاطی تدابیر بتائی جارہی ہیں آپ مہربانی کرکے ان پر عمل کریں، لاک ڈاؤن کی وجہ سے یہ ایک بہت بڑا چیلنج ہے، اس وقت وزیراعظم عمران خان سمجھداری اور ذمہ داری سے اقدامات کر رہے ہیں۔

پنجاب میں ٹرانسپورٹرز کا کل سے بسیں چلانے سے پھر انکار

پنجاب میں ٹرانسپورٹرز نے مطالبات نہ مانے جانے پر کل سے اپنی بسیں چلانے سے انکارکر دیا ہے۔

ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ مطالبات نہ مانے جانے تک ہم بسیں نہیں چلائیں گے کیونکہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے ہمارا پہلے ہی بہت نقصان ہوا ہے۔

ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ دو سیٹوں پر ایک مسافر نہیں بٹھا سکتے، بس میں جتنی سیٹیں ہیں اتنے ہی مسافر بٹھائیں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ وزیرِ قانون سے میٹنگ میں ہمارے مطالبات تسلیم کیے گئے تھے۔

واضح رہے کہ پنجاب حکومت ایس او پیز پر عمل درآمد کے ساتھ کل سے پبلک ٹرانسپورٹ چلانے کی اجازت دے چکی ہے، جبکہ شاپنگ مالز، آٹو انڈسٹری اور پاور لومز بھی کل سے کھل جائیں گی۔

عید پر 6 کے بجائے صرف ایک چھٹی دی جائے، ایف پی سی سی آئی کا مطالبہ

فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے کنوینر اور پاکستان بزنس اینڈ انٹیلیکچوئل فورم (پی بی آئی ایف) کے صدر میاں زاہد حسین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ عید پر 6 چھٹیوں کے بجائے صرف ایک چھٹی دی جائے اور ایس او پيز کے ساتھ پیداواری یونٹس کو 24 گھنٹے کام کی اجازت دی جائے۔

صدر ایف پی سی سی آئی میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ انہوں نے صنعت، کامرس، تجارت اور داخلہ کی وزارتوں کو بتایا ہے کہ پہلے ہی 45 دن کے لاک ڈاؤن کے باعث برآمدی آرڈرز 70 فیصد تک متاثر ہوچکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بے روزگاری خطرناک حدوں کو چھو رہی ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ بزنس کمیونٹی کو تنخواہوں اور بلز کی ادائيگی کے لیے پہلے ہی مالی مشکلات کا سامنا ہے۔

صدر ایف بی سی سی آئی نے مطابق کیا کہ عید پر 6 چھٹیوں کے بجائے صرف ایک چھٹی دی جائے اور ایس او پيز کے ساتھ پیداواری یونٹس کو 24 گھنٹے کام کی اجازت دی جائے۔

بھارتی فوج کشمیر میں پیلٹ گنز کا استعمال کررہی ہے، وزیر اعظم

وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ بھارتی افواج مقبوضہ کشمیر میں بچوں اور خواتین کے خلاف پیلٹ گنز استعمال کر رہی ہے، جبکہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں غیر انسانی لاک ڈاؤن کیا ہوا ہے۔

اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک پیغام میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں مودی کا آر ایس ایس سے متاثرہ نظریہ بالکل واضح ہے۔

انہوں نے کہا کہ پہلے غیرقانونی الحاق سے کشمیریوں کو ان کے حق خود ارادیت سے محروم کرنا ہے، دوسرا ان سے انتہائی غیر انسانی سلوک کرنا اور تیسرا طاقت کا بہیمانہ استعمال ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ کشمیری خوراک اور ادویات جیسی بنیادی ضروری اشیا سے محروم ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ کشمیریوں خصوصاً نوجوانوں کی بڑی پیمانے پر گرفتاریاں کی جارہی ہیں۔

واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز نے ریاستی دہشتگردی جاری رکھتے ہوئے دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔

بھارتی فورسز نے جموں کے ضلع ڈوڈا میں محاصرے اور سرچ آپریشن کے دوران دونوں کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا۔

اس سے پہلے اسی علاقے میں عسکریت پسندوں سے جھڑپ کے دوران ایک بھارتی فوجی بھی مارا گیا تھا جبکہ علاقے میں بھارتی فورسز کا سرچ آپریشن جاری ہے۔

ہارون کو لاک ڈاؤن ختم ہونے کی اتنی جلدی کیوں؟

لاک ڈاؤن کے جلد ختم ہونے کا انتظار کرنے والے پاکستان میوزک انڈسٹری کے معروف گلوکار ہارون رشید کا کہنا ہے کہ اُنہیں اپنی داڑھی بنائے ہوئے 10...